بھٹکل:12/مئی (ایس اؤنیوز) آنند آشرم کانوینٹ پی یو کالج کی طالبہ ثوبیہ مومن نے امسال پی یوسی دوم کے شعبہ سائنس میں% 97.33کی شرح کے ساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے تعلقہ بھر میں اول مقام حاصل کیاہے، ثوبیہ مومن نے فزکس میں 100،کیمسٹری ، ریاضی اور بیالوجی میں 99 فیصد نمبرات کے ساتھ جملہ 99.25فی صدنمبرات اور ہندی میں 99اور انگریزی میں 90نمبرات حاصل کی ہیں۔خیال رہے کہ ثوبیہ ایس ایس ایل سی میں بھی 99.04فی صدی کے ساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے تعلقہ بھر میں اول نمبر پر تھیں۔ محمد سلمان مومن اور غزالہ تبسم کی دختر ثوبیہ مومن نے ساحل آن لائن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ تدریس کے میدان میں خدمات انجام دینے کا جذبہ رکھتی ہیں۔
کامرس کے شعبہ میں بینا ویدیا پی یو کالج مرڈیشور کی طالبہ ریشما آچاری نے 96.16فی صد نمبرات لے کر پورے بھٹکل تعلقہ میں اول مقام حاصل کیا ہے۔ مرڈیشور سے تعلق رکھنےو الے گوپال آچاری اور شئیلتا کی بیٹی ریشما نے ساحل آن لائن کو بتایا کہ وہ آگے چل کر چارٹیڈ اکاؤنٹنٹ بننا چاہتی ہے۔انہوں نے اس سے قبل ایس ایس ایل سی میں 94فی صدمارکس کے ساتھ کامیاب ہوئی تھیں ۔ریشما نے بتایا کہ وہ کبھی ٹیوشن کلاس نہیں گئیں بلکہ صرف کلاس روم میں جوپڑھائی ہوتی تھی اسی کو گھر آکر مشق کرتی تھی اور اسی سے اس طالبہ نے اول مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔
اُدھر شعبہ آرٹس میں انجمن کالج کی طالبہ نے پورے بھٹکل میں ٹاپ کیا ہے۔ اطلاع کے مطابق مدینہ کالونی کے محمد عرفان عجائب اور روشن بانو کی دختر اور انجمن پی یو کالج فارگرلس کی طالبہ عائشہ عروج عجائب نے %94.33فی صد شرح کے ساتھ شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پورے تعلقہ میں ٹاپ مقام حاصل کیا ہے۔ خیال رہے کہ ایس ایس ایل سی میں 81فی صدی کے ساتھ کامیابی حاصل کرنےو الی عائشہ عروج نے جس طرح کڑی محنت کرتے ہوئے پی یوسی دوم میں بہترین نمبرات کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہیں، اُس پر والدین نے خوشی کا اظہار کیاہے۔ عائشہ عروج مستقبل میں نفسیاتی تعلیم حاصل کرتے ہوئے پروفیسر بننے کاارادہ رکھتی ہیں۔
اسی طرح بھٹکل سے تعلق رکھنے والے محمد واثیق کولانے بنگلورو کے سینٹ جوسف پی یو کالج میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے پی یو دوم سائنس کے شعبہ میں 96فی صدشرح کے ساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے بنگلور میں بھٹکل کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے ریاضی میں 100نمبر حاصل کئے ہیں، جب کہ فزکس میں98،کیمسٹری میں 99اور بیالوجی میں 97 فیصد مارکس حاصل کئے ہیں۔